بیجنگ: چینی کمپنی اور پاکستان ریفائنری کے مابین ڈیڑھ ارب ڈالر کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

بیجنگ(صباح نیوز) چینی کمپنی اور پاکستان ریفائنری کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر سرمایہ کاری کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے، پاکستان ریفائنری کی پیٹرول کی پیداوار ڈھائی لاکھ سے بڑھ کر 16 لاکھ میڑک ٹن اور ڈیزل کی پیداوار 6 لاکھ سے 20 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گی۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی موجودگی میں پاکستان اور چینی کمپنی کے مابین پیٹرولیم کی صنعت میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت پر بیجنگ میں دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی بھی موجود تھے۔دوران تقریب یونائیٹڈ انرجی گروپ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ریفائنری سے حاصل ہونے والا پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل نہ صرف مہنگے درآمدی ایندھن کا متبادل ہوگا بلکہ ریفائنری کی پیٹرول کی کل پیداواری استعداد اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 16 لاکھ میڑک ٹن اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 6 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 20 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گی۔