سی سی پی نے بنک الفلاح کو قسط بازار کے شیئرز کے حصول کی اجازت دے دی

اسلام آباد(صباح نیوز)سی سی پی نے بنک الفلاح کو قسط بازار کے شیئرز کے حصول کی اجازت دے دی ،کمپٹیشن کمشن آف پاکستان (سی سی پی) نے پہلی دفعہ ” خریداری ابھی، ادائیگی بعد میں” کی صارف مارکیٹ میں ایک مالیاتی ادارے کو داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ اس سلسلے میں سی سی پی کو قسط بازار کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی کہ بنک الفلا ح لمیٹڈ اس کے 7.2فیصد شئیرز کا حصول چاہتا ہے۔اس ٹرانزیکشن کے فیز (١) جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ مجوزہ ٹرانزیکشن کے بعد متعلقہ مارکیٹ میں شئیرز کے حصول کرنے والی پارٹی کی بالادست حیثیت نہیں ہوگی اور کمپیٹیشن متاثر نہیں ہو گا۔

اس لئے سی سی پی نے اس ٹرانزیکشن کی جانچ کے بعد کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 11کے تحت اس حصول کی منظوری دے دی ہے۔قسط بازار ” خریداری ابھی، ادائیگی بعد میں” کے ماڈل پر وائیٹ گڈز الیکٹرانکس اور ہوم اپلائنسس کی آن لائن فروخت کرتا ہے۔ موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں یہ ان لوگوں کے لئے بہت بڑی سہولت ہے جو مالی طور پر مشکلات کا شکار ہیں۔ بنک الفلاح کی جانب سے شئیرز کی خریداری سے قسط بازار کو بہتر سروس فراہم کرنے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے ضروری فائنانسنگ فراہم ہوگی۔ جس سے صارفین کے لئے ایک نئی آن لائن مارکیٹ بھی فراہم ہو گی اورپورے ریجن میں کمپیٹیشن کو فروغ ملے گا۔ اور صارفین کے لئے بہتر خدمات کی فراہمی کا سبب بنے گی۔۔