فلسطین کی شام غم عنقریب صبح عید میں تبدیل ہونے والی ہے، راشد نسیم

راولپنڈی(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ فلسطین کی شام غم عنقریب صبح عید میں تبدیل ہونے والی ہے، غزہ کے عوام نے دشمن پر اپنی ذہنی اور منصوبہ بندی کی برتری ثابت کر دی اور دنیا کو حیران کر دیا، جو قومیں فتح حاصل کرتی ہیں، وہ ہتھیاروں اور مادی طاقت سے قبل مخالفین پر ذہنی صلاحیت کے بہتر ہونے کا ثبوت دیتی ہیں۔

راولپنڈی میں خواتین کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فی الحال فلسطین کے نوجوان، بچے، خواتین، بزرگ قربانیاں پیش کر رہے ہیں جو یقینی طور پر رنگ لائیں گی۔ انھوں نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تصور نہیں کیا جا سکتا تھا کہ افغان قوم اتنی بڑی طاقت کو شکست فاش دے گی، لیکن ساری دنیا نے دیکھا کہ امریکا اور نیٹو افواج رسوا ہو کر افغانستان سے بھاگ گئیں۔

انھوں نے کہا کہ بانیٔ حماس شہید شیخ احمد یاسین نے پیشین گوئی کی تھی کہ فلسطین 2027ء تک آزاد اور اسرائیل ختم ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اللہ کی مددونصرت، ہمت اور استقلال سے ظلم و جبر کا مقابلہ کرنے والوں کو ضرور حاصل ہو گی۔