مولانا فضل الرحمان سے جلد ملاقات ہوگی، مشترکہ جدوجہد کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ، اسد قیصر


اسلام آباد (صباح نیوز)سنی اتحاد کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے جلد ملاقات ہوگی اور ملاقات میں مشترکہ جدوجہد کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا جلسہ اپوزیشن الائنس کے پلیٹ فارمز سے ہوگا، عوام آئین کی سربلندی کے لئے نکلیں گے، پی ٹی آئی کی او آئی سی ایڈوائزری کونسل کی تشکیل انٹراپارٹی انتخابات کی نگرانی کرے گی۔اسد قیصر نے کہا کہ یہ اپوزیشن الائنس کی تاریخ کا بہت بڑا جلسہ ہوگا، اس وقت عوام مہنگائی سے تنگ اور تباہ حال ہیں، ٹیکس اور مہنگائی کا بوجھ ناقابل برداشت ہے ،عوام آزاد عدلیہ اور آئین کی سربلندی کے لئے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت کے حوالے سے عدالت کے فیصلے کے فوری بعد ہنگامی اجلاس کریں گے، ہم جلسہ کرینگے اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔