حماس نے سرپرائز دے کر اسرائیل کے دانت کھٹے کرد ئیے، پروفیسر محمد ابراہیم خان

 بونیئر(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حماس نے سرپرائز دے کر اسرائیل کے دانت کھٹے کردیے ہیں۔ قابض اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، لیکن مسلم حکمرانوں کو فلسطینی مسلمانوں اور مسجد اقصی کی حفاظت کی توفیق نہیں ہو رہی۔ حماس کے مجاہدین بے سر و سامانی کی حالت میں قبلہ اول کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ اس وقت دنیا کی امامت مسلمانوں کے ہاتھ میں نہیں ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ دنیا کی امامت ظالموں سے لے کر منصفوں کے حوالے کریں۔

اساتذہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ طالب علموں کو پاکستان کا مفید شہری بنانے کی کوشش کریں۔ یہی بچے کل ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی بونیر میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن کے زیر اہتمام سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کے لیے منعقدہ تعلیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بونیر کے امیر محمد حلیم باچا اور نافع کے صوبائی ذمہ داران بھی موجود تھے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ 1948 میں اسرائیل کے قیام سے پہلے بسنے والے یہودی فلسطین کی شہری آبادی کہلائی جا سکتی ہے۔ اسرائیل کے ناجائز، غاصبانہ قیام کے بعد دنیا بھر سے منتقل ہونے والے یہودی غاصب، قابض ہیں۔

انہوں نے یہاں بسنے والے فلسطینیوں کو بے دخل کرکے فلسطین کی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہیں کوئی شہری حقوق حاصل نہیں۔ وہ اپنی اصل شہریت پر منتقل ہو کر فلسطین کے حقیقی شہریوں کو اپنے گھروں میں بسنے کا حق دیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے خود تو ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کا قتل کیا لیکن ہمیں مشورے دے رہا ہے کہ آپ کے ایٹم بم سے انسانیت کو خطرہ ہے۔ انھوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ طلبا کو آئین پاکستان کی اسلامی دفعات سے اگاہ کریں۔ انھیں پاکستان کے قیام کا مقصد سمجھائیں اور ان کی بہترین انداز سے تربیت کریں۔۔