پاکستان سمیت اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کا وزارتی کونسل اجلاس آذربائیجان کی میزبانی میں شروع ہوگیا

باکو(صباح نیوز) اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرا کی کونسل کا 27 واں اجلاس منگل کو آذربائیجان کی میزبانی میں شروع ہوگیا۔ قبل ازیں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے اعلی سطح کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا، آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے آذر بائیجان کے شہر شوشا میں منعقد ہونے والے ای سی او کی وزرا کونسل کے 27 ویں اجلاس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی آذربائیجان میں ہونے والے وزرا کی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اجلاس میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف اور پاکستان سمیت اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کونسل آف منسٹرز (سی او ایم) کے اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے وزرا اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اقتصادی تعاون تنظیم میں پاکستان اور آذربائیجان کے علاوہ ترکی، ایران، افغانستان، قزاخستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔۔