پشاور میں مسلم لیگ( ن )کو بڑا دھچکا

پشاور(صباح نیوز)پشاور میں مسلم لیگ( ن )کو بڑا دھچکا، سابق امیدوار پی کے 69 معظم باچا نے مسلم لیگ سے راہیں جدا کرلیں۔ جماعت اسلامی کے ساتھ سیاسی سفر جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز ان کے حجرے پیر بالا ورسک روڈ میں شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان اور جماعت اسلامی کے مقامی رہنما و کارکنان شریک ہوئے۔

تقریب میں معظم باچا نے مسلم لیگ ن کو خیر باد کہتے ہوئے خاندان کے افراد اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے معظم باچا کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور انھیں پارٹی کیپ پہنائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ معظم باچا کی شمولیت سے جماعت اسلامی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مہنگائی، بدامنی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر مسائل کے ذمہ دار موجودہ اور سابق حکمران ہیں۔ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لیے آئی ایم ایف سے قرضے لیے اور سارے قرضے عوام پر مسلط کردیے۔ حکمران خود تو عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں لیکن عوام سے قربانی مانگ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ولڈ بینک کا کوئی مطالبہ ہمیں منظور نہیں ہے، ہم آئی ایم ایف کی غلامی نہیں چاہتے، انھوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی آئین کی دفعہ 227 کا اطلاق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس پر بھی یقینی بنائیں۔ کسی بھی عدالت کا کوئی بھی فیصلہ قرآن و سنت کے خلاف نہیں ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے تمام فیصلے انگریزی کی بجائے اردو زبان میں ہونے چاہئیں۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت اقتدار چور اور لٹیروں کے پاس ہے۔ جماعت اسلامی ان لٹیروں کے ساتھ حساب کرنے کے لیے میدان میں ہے۔ عوام صادق و امین قیادت منتخب کریں گے تو ان کے مسائل حل ہوں گے، چوروں اور لٹیروں کو ووٹ دیں گے تو کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا منشور پاکستان کو مدینہ کی اسلامی ریاست بنانا ہے۔ ان شا اللہ پاکستان کو مدینہ کی اسلامی ریاست بنا کر دم لیں گے۔۔