منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں آنے والی قیادت ملک کو آگے لے کر جائے گی،رانا ثناء اللہ

فیصل آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ منصفانہ انتخابات کے نتیجے میںآنے والی قیادت ملک کو آگے لے کر جائے گی۔معاملہ بڑا سیدھا ہے کسی نے قانون ہاتھ میں لیا ہے اور 9 مئی کو دفاعی تنصیات پر حملہ آور ہو کر قانون ہاتھ میں لیا ہے تو قانون کا سامنا کر کے اس کا حساب دینا پڑے گا۔ اس بنیاد پر اس کا الیکشن میں ہونا ضروری نہیں۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے عالمی کردار بھی ویسا ہی ہو گا جیسا اسلامی دنیا چاہتی ہے۔وہ جے یو آئی اور رحمت کائنات فائونڈیشن کے زیر اہتمام تحفظ ناموس رسالتۖ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

اُنہوں نے کہاکہ ناموس رسالت کا تحفظ اور ذکر مصطفےٰ ۖ  کی محفل میں موجودگی باعث بخشش و نجات ہے۔ ناموس رسالت کے معاملہ میں اکابر علماء کی رہنمائی اثاثہ ہے۔ رہتی دنیا تک ذکر محمد اور قرآن رہنا ہے اور بڑھنا ہے۔ بدقسمت لوگ حضرت محمدۖ سے محبت اور پیار کے جذبات کو مجروح کر کے مسلمانوں کو دکھ دینے کی حرکت کرتے ہیں۔ ایسے لوگ عذاب خدا کا شکار ہیں۔ کوئی باشعور ایسا نہیں کر سکتا۔ وزارت داخلہ کے دور میں ایف آئی اے کا سپیشل ونگ سوشل میڈیا پر گستاخوں کی مانیٹرنگ کر کے انہیں قانون کے دائرہ میں لانے کیلئے بنایا۔ ایسے لوگوں کا پوری قوت سے محاسبہ کرنے کے لئے قانون کا سہارا لیں قانون ہاتھ میں لینے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ علماء عوام میں قانون کا احترام واضح کریں۔

مولانا فضل الرحمن کی صورت میں ہمارے پاس دینی و دنیاوی رہنمائی  کے لئے لوگ موجود ہیں۔ مولانا فضل الرحمن اور ان کے بیٹے مفتی اسعد محمود کو سولہ مہینوں میں قریب سے ملنے کا موقع ملاجس کے بعد یقین سے کہتا ہوں کہ دنیاوی اور دینی اعتبار سے ان سے زیادہ زیرک کوئی نہیں،ملک جس پریشانی اور عام آدمی کی زندگی مشکل ہے جسے مولانا اور نواز شریف ہی ٹھیک کر سکتے ہیں۔