فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے غلط بیانی کی گئی: مفتی منیب الرحمان


کراچی(صباح نیوز)سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ طاقت کا استعمال حکومت کے لیے تباہ کن ہوتا ہے۔ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے غلط بیانی کی گئی۔

مفتی منیب الرحمان نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علما ء نے کہا مذاکرات میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہمیں ریاستی طاقت استعمال کی دھمکیاں نہ دی جائیں، ہر شخص جانتا ہے حکومت کے پاس طاقت بھی ہوتی ہے جس کا غیر محتاط استعمال حکومت کے لیے تباہ کن ہوتا ہے، ہم اپنے طور پر پیغام دے رہے تھے، ہفتے کے روز رابطہ قائم ہوا، ہم اسلام آباد گئے، سب کی کوشش تھی یہ کام حکمت سے پس پردہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ منظر پر دیکھ رہے تھے اسکا عمل سے تعلق نہیں تھا، حکومت کے کارندوں کا بھی اس عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، حکومت کے با اختیار لوگ جب جھوٹ بولیں تو مناسب نہیں، مذاکرات کے لیے ہم گئے، ہمارا کوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈا نہیں تھا، جو لوگ منظر پر کارستانیاں دکھا رہے تھے ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ مذہبی تحریک کی قیادت سے بات کی، ان کو ماضی میں دھوکہ دیا گیا جو لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر حکومتی رٹ کی دھمکیاں دے رہے تھے وہ نادان ہیں۔ لبرل جو کہتے ہیں کہ رٹ آف دی گورنمنٹ کہاں گئی، ہم نے ملک کے مفاد میں اپنی دینی جدو جہد کو دا وپر لگایا، معاملات طے پاگئے ہیں، ہم تکبر میں مبتلا نہیں ہیں، پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں وہ اپنے گھروں میں دو نفل شکرانے کے ادا کریں۔سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ہمارے مذاکرات حکمت اور دانش مندی کی فتح ہے، مذاکرات میں کیا ہوا ہے وہ ہمارے عمل سے سب کو معلوم ہو جائے گا۔