عوام کو نااہل حکمرانوں اور مفادپرست کرپٹ مافیاز نے اپنے جال میں پھنسا دیا ہے،لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی رہنماء لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو نااہل حکمرانوں اور مفادپرست کرپٹ مافیاز نے اپنے جال میں پھنسا دیا ہے، عوام فوجی حکمرانی، پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے اسلوبِ حکمرانی اور ناکامیوں سے تنگ آگئے ہیں، عوام مسیحا کی تلاش میں ہیں۔

امیر جماعتِ اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا، امیر جماعتِ اسلامی راولپنڈی سید عارف شیرازی سے ملاقات اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کی تقریب میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بجلی، پٹرول، گیس قیمتوں اور ٹیکسوں کے ہوشربا اضافہ کے خلاف جماعتِ اسلامی کے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے اور کراچی میں عوامی احتجاج وہ چراغ ہے جو اندھیروں کو ختم اور روشنیاں اوراجالے لائے گا،عوام کو نااہل حکمرانوں اور مفادپرست کرپٹ مافیاز نے اپنے جال میں پھنسا دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ جماعتِ اسلامی عوام کو غلامی سے نجات دِلائے گی اور پاکستان میں خود انحصاری، خودداری، اپنی قوم، اپنے وسائل پر اعتماد اور بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کی بحالی سے بابرکت اسلامی معاشی نظام لائے گی۔ عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، ملک کو بحرانون سے اِن شااللہ نکال لیں گے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی ناجائز قبضہ اور قابض بھارتی فوج کے مظالم سے دنیا غافل رہی لیکن بھارتی فاشزم اور مودی-صیہونی گٹھ جوڑ پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد کینیڈا میں بھی خون کی ہولی کھیل رہا ہے،مودی فاشسٹ عالمی دہشت گرد قوتوں کا آلہ کار ہے۔ عالمی اداروں اور قوتوں کو بھارتی دہشت گردی کو لگام دینا ہوگی وگرنہ پورا خطہ ازسرِنو دہشت گردی کی لپیٹ میں آجائے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے ملک گیر انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترازو نشان کے امیدوار جماعتِ اسلامی کے منشور، جماعتِ اسلامی کی ساکھ، خدمات اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے پیغام کے ساتھ گھر گھر، مسجد مسجد، دکان دکان عوام سے رابطہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز میں جماعتِ اسلامی کیلئے بڑی پذیرائی ہے، عوام فوجی حکمرانی، پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے اسلوبِ حکمرانی اور ناکامیوں سے تنگ آگئے ، عوام مسیحا کی تلاش میں ہیں۔ الیکشن کمیشن، نگران حکومت اور انتظامی اداروں کی اولین ذمہ داری آئینی مدت میں انتخاب کرانا ہے۔ انتخاب سے فرار سب کے لئے بڑی تباہی ہوگی