وزیراعظم عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے جلد پیکیج کا اعلان کریں گے،فواد چوہدری


اسلا م آباد(صبا ح نیوز)وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے بہت جلد ایک بڑے امدادی پیکج کا اعلان کریںگے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل کے ہمراہ میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے چوہدری فوادحسین نے کہاکہ اس پیکج سے ایک کروڑ افراد مستفید ہوںگے۔انہوںنے کہاکہ کمیٹی نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہارکیا اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرنے پر زوردیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کمیٹی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی غور وخوض کیا ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلاواسطہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اور وعدہ ہے جو وزیر اعظم اور پی ٹی آئی پورا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگ براہ راست اپنے شہروں کے میئرز کا انتخاب کریںگے ۔فواد حسین چوہدری نے کہاکہ وزیراعظم نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو فعال کرنے کی ہدایت کی،

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے پنجاب میں امیدواروں کی نامزدگی کا عمل شروع کر دیا ہے اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی اور دیگر بھی صوبے میں مہم چلا رہے ہیں۔جب ان سے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے جاری دھرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو وفاقی وزیر نے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا اور کہا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے کہہ چکے ہیں کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے کی تفصیلات جلد قوم کے سامنے پیش کی جائیں گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے معاملے پر اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بیان بازی پر وزیر اطلاعات نے اس اقدام کو غیر منصفانہ قرار دیا۔

شہباز گل نے بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی بشمول وزیراعظم نے اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور جمہوریت میں ہر شخص کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔شہباز گل نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم آئندہ چند روس میں قوم سے خطاب کریں گے تاکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لیں گے اور پیکج کی تفصیلات بتائیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے دھرنے سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کور کمیٹی ارکان کو کالعدم تنظیم سے مزاکرات پر اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس کے دوران پارٹی کی تنظیم نو کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور پارٹی رہنماوں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی،

ذرائع کے مطابق عمران خان نے عوام کیلئے ریلیف پیکیج پر بھی اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے پارٹی امور پر ارکان سے مشاورت کی، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ لاہور کے حلقہ 133 میں ضمنی انتخاب پر بھی مشاورت کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا، ہمیشہ مسائل کو بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، کبھی بھی طاقت کے استعمال اور انشار کا حامی نہیں رہا، بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا۔ حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، مذاکرات ہی مسلے کا واحد حل تھے۔انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی ہے، اتھارٹی توہین رسالت کے سدباب کے لیے اقدامات کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس میرٹ پر دیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔