ملک خطرناک حالات سے دوچار ہے،خانہ جنگی کاخطرہ بڑھ رہاہے:حافظ محمدادریس

لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما حافظ محمدادریس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت ملک بدترین بحران کا شکار ہے۔ صورت حال مسلسل بگڑ رہی ہے ۔ خانہ جنگی کی کیفیت ہے۔ یہ صورت حال معاشرے کے تمام طبقوں کے لیے خطرے اور تباہی کا الارم ہے۔ کوئی سیاستدان ہو یا سرمایہ کار ، غریب کسان ہو یا جاگیردار ،بے بس مزدور ہو یاکارخانہ دار ، سول ہو یا فوجی سبھی کے لیے یہ حالات خطرے کی گھنٹی ہے۔ لوٹی ہوئی دولت ، ٹیکس چوری ،بجلی چور مافیاز کی سینہ زوری ، آئی پی پیزکے ساتھ تباہ کن معاہدات ، ان تمام امور پر سخت پالیسی سازی اور آہنی گرفت کی ضرورت ہے۔آج ملک میں جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں ایک عام اور غریب صارف ہی ٹیکس اداکررہاہے۔ کیوںکہ اس بے چار ے کے لیے اس کے سوا چارہ کارہی نہیں ہے۔ بڑے مگرمچھ بے حساب دولت کے باوجود ٹیکس ادا نہیںکرتے۔ مفت بجلی استعمال کرنے والے ہزاروں مراعات یافتہ شرفاء غریب کا خون چوس رہے ہیں۔ ڈالر سمگلنگ کی طرح تمام جرائم پر آہنی کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ ایسا نہ ہواتو خود کشی کرنے والے مجبور عوام اپنی جان لینے سے پہلے خانہ جنگی کاراستہ اختیارکرکے مراعات یافتہ اشرافیہ کی تباہی کا سبب بنیں گے۔ خونی انقلاب کسی کے حق میں بھی اچھا نہیں ۔