تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کے شوگر ملز مالکان کے ساتھ معاہدے کی مخالفت کردی

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف نے پنجاب  کی نگران حکومت کے شوگر ملز مالکان کے ساتھ معاہدے کی مخالفت کردی۔ پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت  نے صوبے میں شوگر مافیا کو  عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کھلی چھوٹ  دے دی، ملک میں چینی کے مناسب ذخائر موجود ہونے کے باوجود مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کو لوٹنے کی اجازت دی گئی، حکمرانوں کی نااہلی کے سبب ملک میں اشیائے خور و نوش کے نرخ  تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ڈالر اور پٹرول کا ریٹ 300 سے اوپر پہنچانے کے بعد غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا گیا ہے،مہنگائی کی شرح تحریک انصاف کے دور کے 12.2 فیصد سے بڑھتی ہوئی 38 فیصد کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی،ان 16 ماہ میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیے گئے، سابقہ حکومت کی مجرمانہ غفلت نے آج مہنگائی کے ستائے عوام کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے،

پی ڈی ایم کے نقشِ قدم پرگامزن نگران حکومت اپنے دعووں کے برعکس قوم کو کسی قسم کا ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے،اعلی عدلیہ مفاد عامہ کے پیش نظر کالا دھن جمع کرنے کے لئے مافیا اور پنجاب کی نگران حکومت کے مابین مجرامانہ گٹھ جوڑ کا فوری نوٹس لے، ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور شوگر ملز مافیا کے مابین اس معاہدے کو کالعدم قرار دے کر  چینی کی قیمتوں کو انکی فطری سطح تک کم کیا جائے