سراج الحق کاممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ٹیلی فونک رابطہ ،دورہ پاکستان کی دعوت دی

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دونوں شخصیات نے اسلاموفوبیا، امت کو درپیش چیلنجز، اتحاد امت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران دنیا میں اسلاموفوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنے اپنے ممالک میں اسلام کا حقیقی معنوں میں نفاذ کریں۔

مغرب میں اسلامی شعائر، باپردہ خواتین اور مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات سے پوری امت کے دل زخمی ہیں، مغربی ممالک کی حکومتیں اسلامو فوبیا روکنے کے لیے کردار ادا کریں، یہ مغرب کو سرطان کی طرح کھا رہا ہے اور اس سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ امیر جماعت اور ڈاکٹر ذاکر نائیک میں اتفاق پایا گیا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور پوری انسانیت کی کامیابی کا واحد ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ امت فروعی اختلافات کو بھلا کر اتفاق و اتحاد پیدا کرے، اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں۔