اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمداللہ، وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے صحافیوں کے لئے پاکستان کی تاریخ کے پہلے صحت کارڈ پروگرام کے تحت سرگودھا سے سینئر صحافی اسجد منیر کا دل کا کامیاب آپریشن ہوگیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ پہلے صحافی ہیں جنہیں ہیلتھ کارڈ کے تحت نجی ہسپتال میں جدید ترین علاج کی بہترین سہولت ملی ہے جس کی تمام ادائیگی ہیلتھ کارڈ سے ہوئی ہے۔ آج میرے لئے بہت خوشی کا دن ہے۔ فنکاروں اور صحافیوں کی صحت کے تحفظ کا مقصد تعبیر میں ڈھل گیا ہے۔ اسجد منیر اور ان کے اہل خانہ کو مبارک پیش کرتی ہوں۔ دعا ہے کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو کر بطور صحافی اپنی پیشہ ورانہ خدمات دوبارہ ادا کریں۔ آمین