وفاقی کابینہ کی ملزم عبدالقادر احسان کی برطانیہ حوالے کرنے کی منظوری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کو برطانیہ کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی جبکہ وزیر اعظم نے غیرملکی سفرا پر پیشگی اجازت کے بغیر وزرا سے ملنے پر پابندی لگا دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت 7نکاتی ایجنڈے پر غورکیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم کی برطانیہ حوالگی کی سمری کابینہ کے سامنے پیش کی گئی جس کی منظوری دے دی گئی۔

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کی دو سال کیلئے تقرری کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے پاکستان ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری کی بھی منظوری دی جبکہ رواں مالی سال کے گزشتہ 6ماہ میں اضافی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)اتھارٹی اور چینی وزارت ماحولیات کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی۔کابینہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جنس اینڈسکیورٹی اسٹڈیز کے قیام کی سمری موخر کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزیرخارجہ کی2021 کی کامیابیوں پر تفصیلی پریس کانفرنس کوسراہا اور تمام وزارتوں کو کارکردگی سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا وزارت خارجہ طرز پر سالانہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں ہدایت دی کہ پاکستان میں تعینات سفیرپیشگی اطلاع کے بغیرکسی وزیرسے ملاقات نہیں کرے گا، وزارت خارجہ کی کلیئرنس کے بعد سفرا،دیگر وزراسے ملاقات کر سکیں گے جبکہ ایسی ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے نمائندہ بھی شریک ہوگا۔