فیصل آباد(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم اورپیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پر ویز اشرف نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف گھات لگا کر بیٹھے ہیں گولی شکار کو لگے یا شہباز کو انہیں کوئی پرواہ نہیں۔ نئے سال کی نئی سونامی اپنے لئے بدنامی اور عوام کے لئے مزید معاشی پریشانی لائی ہے۔آٹا چینی دالیں گھی آئل عوام کی قوت خرید سے دور ہو گئے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے پہلے سے برسرروزگار لاکھوں لوگوں کوبے روزگارکردیاہے۔لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے نوکریوں کی تلاش میں گھوم رہے ہیں۔ عمران خان خود تسلیم کرتے ہیں کہ 70 لاکھ نوجوان نشے کے عادی ہو گئے ہیں۔ انڈوں، مرغیوں اور کٹے پالنے کے نعروں سے ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ 50 ہزار گھروں کا وعدہ کرنے والوں نے غریب لوگوں کوبے گھرکردیاہے۔
ان خیالات کااظہاراُنہوں نے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چوھدری کی رہائشگاہ پرکارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اُ نہوں نے کہاکہ منی بجٹ کے بعد مہنگائی کا طوفان پہلے سے زیادہ بے قابو ہو جائے گا۔ تبدیلی سرکاراپنی پناہ میں بیٹھے مافیازکے خلاف عملی ایکشن نہیں لے سکتی۔نااہل اور نالائق حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔
اس موقع پر پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ سیاسی چیوں اور سفارشوں پر بھرتی ہونے والے جلد بے روزگار ہوجائیں گے۔عوام پرمہنگائی کے بم دھماکے کرکے اُنہیں گھبرانانہیں کابھاشن دینے والے عوامی جدائی سے خودگھبرائے ہوئے ہیں ۔حکومت عوام کو آٹا چینی خوردنی تیل سمیت بجلی گیس پیٹرول مہنگا کرکے زندہ درگور کرنے پر تلی ہوئی ہے جس کے خلاف پیپلز پارٹی فیصل آباد سمیت پورے پنجاب میں احتجاج کر رہی ہے۔
فیصل آباد ٹیکسٹائل سٹی کے ہزاروں مزدور بے روز گار ،گھروں میں فاقوں کا راج اور تاجروں سمیت تمام طبقات پریشان ہیں۔ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سعید چیمہ ،ضلعی جنرل سیکرٹری رائے شاہجہان کھرل ،رانا محسن خاں،محمد طاہر شیخ،رائے عابد،فرحان چوھدری ا ور دیگربھی موجودتھے۔