ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے میچز کے مقام کی تبدیلی پر غور شروع


 کولمبو(صباح نیوز) ایشین کرکٹ کونسل نے  ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے میچز کے مقام کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں مسلسل بارشوں کے بعد ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے میچز کے مقام کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے۔

انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ایشیا کپ میں شریک ٹیموں کو اس بات کی اطلاع کر دی گئی ہے اور سری لنکا کے شہر پالی کیلے یا ڈمبولا متبادل مقام کے طور پر منتخب کیے جا سکتے ہیں۔اخبار کے مطابق جب ایشین کرکٹ کونسل نے سری لنکا کو پاکستان کے ساتھ شریک میزبان کے طور پر چنا تھا سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ملک کے وسطی خشک خطے میں واقع شہر ڈمبولا میں میچوں کی میزبانی کی تجویز دی تھی۔تاہم براڈکاسٹرز اور ٹیموں کی ہچکچاہٹ کے بعد پالی کیلے اور کولمبو کے شہروں کو ایشیا کپ کے میچز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔سری لنکا میں گذشتہ کئی روز سے رواں مون سیزن کے دوران شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کو پالی کیلے میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان والا کھیلا جانے والا میچ بھی بارش کے باعث بے نتیجہ ختم کرنا پڑا۔