ایشیا کپ کاسب سے بڑا ٹاکرا: بارش کے باعث پاکستان اور بھارت کا میچ بے نتیجہ ختم، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا

کینڈی (صباح نیوز)ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا  لیکن بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا۔سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے بالنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا اور ابتدائی اوورز میں بھارتی بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے چار اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔تاہم اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب آدھے گھنٹے سے زائد تک کھیلا رکا رہا۔میچ دوبارہ شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی زیادہ بہتر ردھم میں نظر آئے اور تیسری ہی گیند پر شاہین نے بھارتی کپتان روہت شرما کو بولڈ کردیا۔

شاہین آفریدی نے نپی تلی بالنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے اوور کی تیسری گیند پر ویرات کوہلی کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیاب دلائی۔حارث روف کو بالنگ پر متعارف کرایا گیا تو شریاس آئیر نے ان کا استقبال دو چھکے لگا کر کیا لیکن اگلے اوور میں فاسٹ بالر نے اس کا بدلہ انہیں پویلین رخصت کر کے کیا اور بھارتی ٹیم 10 اوورز میں 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔شبمن گل پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر ان کی 32 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کی حارث روف کے ہاتھوں ہی اختتام کو پہنچی اور بھارت کو 66 رنزپر چوتھا نقصان پہنچا۔نوجوان بلے باز ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔دونوں کھلاڑیوں نے دبا ومیں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کی لیکن حارث روف نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ایشان کشن کو چلتا کردیا جنہوں نے آٹ ہونے سے قبل 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہردک پانڈیا نے دوسرے اینڈ سے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی اور حارث روف کو ایک اوور میں تین چوکے لگائے جس سے ایسا محسوس ہونے لگا کہ وہ اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن شاہین شاہ آفریدی نے 87 رنز پر ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔روایندرا جدیجا سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی صرف 14 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کا بھی کام تمام کردیا۔کلدیپ یادو اور جسپریت بمراہ نے اسکور کو 261 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر اسپنر وکٹ کیپر کو کیچ دے پویلین لوٹ گئے۔بمراہ نے نسیم شاہ کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں وہ بانڈری پر کیچ دے بیٹھے۔بھارت کی پوری ٹیم 266 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جبکہ حارث روف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور گراونڈ گیلا ہونے کی وجہ سے میچ کافی دیر تک تاخیر کا شکار شکار رہا۔امپائرز نے کئی مرتبہ گرانڈ کا معائنہ کیا اور بالآخر مسلسل بارش اور گیلی آوٹ فیلڈ کے باعث امپائرز نے دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔میچ بے نتیجہ ختم ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ موسم تھوڑا (ابر آلود) ہے لیکن ہم اس کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے، بنگلور میں ہمارا 6 روزہ کیمپ تھا جہاں ہم نے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ ایک معیاری ٹورنامنٹ ہے، جس میں اچھی ٹیمیں ہیں، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم یہاں کیا کر سکتے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ ڈیرھ مہینے کے دوران یہاں پر بہت کرکٹ کھیلی ہے، لہذا ہمیں کنڈیشن پتا ہے۔