کراچی (صباح نیوز)وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے لئے ٹیم لانا چاہتے ہیں، اسپانسر ڈھونڈ کر جلد پی ایس ایل کے لئے ٹیم لائیں گے۔
ترجمان وزیر اعلی سندھ کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے ملاقات کی، مراد علی شاہ نے قومی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کی۔ مراد علی شاہ نے شاہنواز دھانی کو شیلڈ، سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم کرکٹ میچ کروائیں گے، میں فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی بولنگ پر بیٹنگ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ شاہنواز دھانی کا تعلق لاڑکانہ سے ہے، سانگھڑ کے بہترین اسپنر نعمان اور دیگر کو پروموٹ کرنا ہے۔وزیر اعلی نے شاہنواز کو کہا کہ اپنی تربیت پر مزید توجہ دیں اور سندھ کے دیگر نوجوانوں کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔