وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملاقات


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی ،سیاسی اموراور راولپنڈی میں فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت پرگفتگو ہوئی ۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ راولپنڈی کے فلاحی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا، راولپنڈی تحریک انصاف کا قلعہ ہے، راولپنڈی شہر کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ ہے، سیاست میں رواداری، برداشت اور بھائی چارے کے قائل ہیں، شرافت، شفافیت اور دیانت کے اصولوں پر چلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں، صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، قانون کی عملداری کو یقینی بنایاگیا، منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، ماضی میں سیاسی انتقام کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا، ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کی منفی سیاست کو ختم کیا۔

اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے، اللہ کے فضل و کرم سے امن و عامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور کرتی رہے گی، 23 مارچ کو مارچ کا اعلان کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔