ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن حاصل کرلی

چنئی (صباح نیوز)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے چین کو1-6 سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گئے پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی مخالف ٹیم کے خلاف گولز کی برسات کردی۔پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہی کوارٹر میں 4 گول کرکے پوزیشن مضبوط کرلی، دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور ہاف ٹائم تک پاکستان کو 0-4 کی برتری حاصل تھی۔تیسرے کوارٹر میں میں چین نے میچ کا پہلا اور اپنا واحد گول کیا جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان ٹیم نے مزید 2 گول کیے اور ایک کے مقابلے میں 6 گول کے بڑے مارجن میچ جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عماد اور سفیان نے 2-2 جبکہ عبدالحنان اور رانا وحید نے 1-1 گول کیا۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم نے 6 میچز کھیلے، 2 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں شکست اور 2 میچز ڈرا ہوئے۔یوں پاکستان ٹیم نے ایونٹ پانچویں پوزیشن کے ساتھ اختتام پذیر کیا جو ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی سب سے خراب کارکردگی ہے۔تاریخ میں پہلی بار پاکستان ہاکی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کولیفائی کرنے میں ناکام رہی، 11 اگست کو ہونے والے پہلے سیمی فائنل میچ میں ملائشیا اور کوریا مد مقابل ہوں گے جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور چین کے درمیان کھیلا جائے گا