فیصل آباد(صباح نیوز)چیئرمین پاک سعودی بزنس کونسل حافظ محمد شفیق کاشف نے عمان سے کاروباری وفد کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان اور عمان برادر اسلامی ملک ہیں دونوں کے درمیان کاروباری، تجارتی اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کا نیا دور ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمان کے ساتھ پاکستان کے تجارتی روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ایک احسن اور مبارک قدم ہے۔ عمان کے ساتھ توانائی، سیاحت، زراعت سمیت کئی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہاکہ عمان سے وفد کا پاکستان آنا خوشی کی خبر ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے کاروباری اکابرین کی ملاقاتوں سے نئے امکانات کھلیں گے جو اس وقت کی بہت اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی دنیا کو باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے لئے زیادہ فعال اور متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور کاروباری حجم ان کی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے۔