الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان حکام کے حوالے کر دی گئی


پشاور(صبا ح نیوز)برادر اسلامی ملک افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد افغان حکومت کو برفباری اور شدید موسمی مشکلات کے پیش نظر پکتیکا کے بعد کابل ،ہلمند،قندہار اور دیگر صوبوں میں عوام کی بڑی تعداد میں نقل مکانی سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان حکام کے حوالے کر دی ۔

افغان حکام کوامدادی اشیا حوالے کرنے کے سلسلے میں پاک افغان بارڈر طور خم پر منعقدہ تقریب میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے نائب صدر خالد وقاص،شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نیشنل ڈائریکٹر اعجاز اللہ خان ،جنرل منیجر ہیلتھ سروس سفیان احمد خان ریجنل منیجر قاضی وجاہت محمود ہیلتھ منیجر شکیل احمد،منیجر میڈیا نورالواحدجدون اوور سیز پروگرام منیجر محمد وسیم نے پاک افغان تعاون فورم کے چیئرمین حبیب اللہ خٹک ،اسسٹنٹ کمشنراشرف الدین اور حکومت پاکستان کے دیگراعلیٰ حکام کی موجودگی میں افغان متاثرین کے لئےانسانی ہمدردی کی بنیاد پر27ٹرکوں پر مشتمل مزید 8کروڑبیس لاکھ روپے مالیت کی امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان حکام کے حوالے کی جس میں 10ٹرک ادویات ،8ٹرک خشک راشن پرمشتمل فوڈ پیکجز،3ٹرک کمبل،2ٹرک ونٹر پیکج اور 4ٹرک بچوں اور خواتین کے گرم ملبوسات پر مشتمل تھے

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الخدمت فاؤنڈیشن نے گذشتہ ماہ چار کروڑروپے مالیت کا امدادی سامان پاک افغان بارڈر انگور اڈا کے راستے افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے متاثرین کے لئے افغان حکام کے حوالے کیا تھا۔گذشتہ روز امدادی سامان کی دوسری کھیپ حوالے کرنے کے موقع پرامارات اسلامی افغانستان کے ڈپٹی ایجوکیشن منسٹرانجینئر محمد اسماعیل روغانی،محمد دائود منصور مشیر براے وزیر صحت ،مولوی شیرداد انچارج براے مہاجرین و بحالی، امارات اسلامی افغانستان اور دیگر افغان حکام نے آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں بے سروسامانی کی حالت میں شدید موسمی حالات کے پیش نظر نقل مکانی پر مجبور لاکھوں افغان متاثرین کی بحالی میں تعاون پرپاکستانی عوام ،الخدمت فاؤنڈیشن اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا

اس موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک افغان تعاون فورم کے ذریعے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں متاثرین اور مہاجرین کی ہر ممکن امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔