باجوڑ ، مسلح افراد کی گھر کے اندر داخل ہوکر فائرنگ،ایک شخص جاں بحق ،4بچے زخمی

باجوڑ(صباح نیوز)باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقہ بابر شاہ میں مسلح افراد نے گھر کے اندر داخل ہوکر فائرنگ کردی، جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چار بچے زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونیوالے شخص کی شناخت خالد خان کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں 8 سالہ بچہ معاذ خان ، 6 سالہ مروا بی بی اور دو بچیاں شامل ہیں۔فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہسپتا ل خار منتقل کیا جبکہ دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ مذکورہ گھرانے کے لوگ تحصیل سالار زئی کے علاقہ سروونو سے تحصیل خار بابر شاہ منتقل ہوئے۔پولیس ڈی ایس پی نعمت خان کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد دو افراد کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ، گھر والوں کے مطابق ان کا مخالفین کیساتھ عدالت میں اراضی تنازعہ پر کیس بھی چل رہا ہے۔