حکومت عوامی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے،پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا،شہباز شریف


لاہور(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے،پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا،پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا،گزشتہ دور حکومت میں عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں میں بلا وجہ رکاوٹ ڈالی گئی، عاشورہ کے پرامن انعقاد پروہ پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں چھ مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح و سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان منصوبوں میں ایل این جی سے چلنے والا 1263 میگا واٹ کاپنجاب تھر مل پاور پلانٹ جھنگ ،لاہور میڈیکل سٹی، نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام،پاپولیشن ویلفیئر پروگرام،ایس ایل۔تھری لاہور رنگ روڈ منصوبہ اورشاہدرہ تا کالاشاہ کاکو میٹرو بس توسیعی پروگرام شامل ہیں۔ تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی،وفاقی وزیر توانائی انجینئرخرم دستگیر ،وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک،نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم،چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پو لیس پنجاب عثمان انوراوردیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو مذکورہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج جن عوامی فلاح وبہبود کے اہم منصو بوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ان کے مکمل ہونے سے ہزاروں لوگ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میڈیکل سٹی منصو بہ 50 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا، یہ منصوبہ دنیا بھر کے کسی بھی میڈیکل سٹی کے ہم پلہ ہوگا، منصوبے کو وفاق اور پنجاب کی حکومتیں مل کر مکمل کریں گی ، لاہور رنگ روڈ ایس ایل تھری منصوبہ مکمل ہونے سے عوام کو بہترسفری سہولتیں ملیں گی اور وقت کی بچت ہو گی۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ شاہدرہ تا کالا شاہ کاکوساڑھے12کلو میٹر طویل میٹرو بس منصوبے سے عوام اور طلبہ مستفید ہوں گے، یہ منصوبہ 5 ماہ میں مکمل ہو گا، گرین لائن میٹرو کی توسیع پر11ارب73کروڑروپے لاگت آئے گی

انہوں نے کہاکہ حویلی بہادر شاہ جھنگ میں بجلی کے1263 میگاواٹ کے منصوبے کا آغاز 2017 میں محمد نواز شریف کے دور میں کیا گیا تھا ، اس منصوبے نے 2019 میں مکمل ہونا تھا مگرپی ٹی آ ئی نے اپنے دور میں محمد نواز شریف سے دشمنی کی وجہ سے اس منصوبے پر کام ٹھپ کر دیا، یوں 74 ارب روپے کے اس منصو بے پر قوم کی مزید77ارب روپے لاگت بڑھ گئی،یہ رقم دریا بردہو گئی، ان 77 ارب روپے کا حساب کون لے گا؟اگر یہ رقم ضائع نہ ہوتی تو 50 ارب روپے سے لاہور میڈیکل سٹی منصو بہ مکمل ہو جاتا پھر بھی قوم کے 27ارب روپے بچ جاتے، اگر قوم کی اس ضائع کی گئی رقم کا حساب نہ لیا گیا تو پھر ملک میں مہنگائی کا طوفان آ ئے گا ، غربت بڑھے گی اور بیروز گاری میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آ ئی نے اپنے چار سالہ دور میں ملک کا کس طرح بیڑہ غرق کیا ، ماضی کی حکومت میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہو ا، چور اورڈاکو کا راگ الاپنے والے چیئر مین پی ٹی آ ئی نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ2014میں چینی صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان کے موقع پر پی ٹی آ ئی کی جانب سے دھرنے دیئے گئے،نواز شریف کی حکومت نے پی ٹی آ ئی سے چینی صدرکے دورے کے بعدتک احتجاج مخرکرنے کیلئے بات چیت کی مگر پی ٹی آ ئی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہو گیا بعد میں اپریل 2015 میں چینی صدر پاکستان تشریف لا ئے اور نواز شریف دور میں سی پیک کے منصوبوں پر دستخط ہو ئے،یہ تھی پی ٹی آ ئی کی ملک کے ساتھ محبت اور وفاداری جس کا پی ٹی آ ئی کے چیئرمین با ر بار اپنے جلسوں میں ذکر کرتے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم امداد کیلئے کشکول لے کر جاتے ہیں تو ہمیں شرم آتی ہے،پی ٹی آئی کے دور میں ایسے کئی منصوبے کھٹائی میں پڑ چکے ہیں جن کا کوئی پوچھنے والا نہیں،،کسی کے بھی دور میں کوئی زیادتی ہوتی ہے تو اس کا حساب لینا چاہئے، سیاست سے بالاتر ہو کر احتساب کیا جائے تو یہ ملکی ترقی کے لئے اہم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان اور جرمنی دوسری عالمی جنگ میں بالکل تباہ ہوچکے تھے مگر انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے بہت ترقی کی اور آج وہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیا وجہ ہے کہ ہمارے بعد آزاد ہونے والا چین آج 2023میں دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے ،یہ کوئی جادو ٹونہ نہیں یہ ملک کے ساتھ کمٹمنٹ اور لگن ہے،وزیراعظم نے کہاکہ رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں، پوری ہمت کے ساتھ سفرشروع کرنا ہے، آئیں سب مل کرکمر باندھیں اور ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں اور فیصلہ کریں کہ ماضی کے دھبے دھو کر وطن عزیز کو معاشی طور پر مستحکم بنائیں گے،اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت پوری ٹیم کومحرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پرشاباش دی اور کہا کہ محرم الحرم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے پر وہ سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آ زاد کشمیر کی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قبل ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اتحادیوں نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، الحمد اللہ 1263میگاواٹ بجلی کامنصوبہ مکمل ہوگیا ہے ،لاہورمیڈیکل سٹی،نیشنل ہیلتھ سپورٹس پروگرام،پاپولیشن ویلفیئرپروگرام،رنگ روڈ،گرین لائن میٹرو بس توسیعی پروگرام بڑی اہمیت کے حامل منصوبے ہیں۔