وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کا اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین (سی سی او آئی جی سی ٹی) کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، ایس اے پی ایم طارق باجوہ، ریونیو پر ایس اے پی ایم طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، سیکرٹری قانون و انصاف، سیکرٹری تجارت اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

کمیٹی نے بین الحکومتی تجارتی لین دین ایکٹ 2022 کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں ایسٹ وارف میں بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل کی ترقی کے لیے تعاون پر متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان معاہدے کے حوالے سے وزارت سمندری امور کی سمری پر غور کیا۔ کمیٹی نے تفصیلی بحث کے بعد فریم ورک ایگریمنٹ پر مذاکرات کی اجازت دی اور ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں سیکرٹری قانون و انصاف، سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، وزارت خارجہ اور خزانہ کے نمائندے شامل تھے جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ فریم ورک معاہدے کے مسودے پر بات چیت کرے گا۔