پی سی ڈبلیو آرکے تعاون سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے ہیڈکوارٹر المرکز الاسلامی پشاور میں قرآن گارڈن کا افتتاح

پشاور(صباح نیوز)پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجنز(پی سی ڈبلیو آر) کے تعاون سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے ہیڈکوارٹر المرکز الاسلامی پشاور میں قرآن گارڈن کے نام سے قرآن میں مذکور پودے لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، سیکرٹری جنرل عبدالواسع، ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، مقصود احمد سلفی قاری سیف اللہ، سید شاہ محمد، مفتی عبدالجمیل منصوری، تارا چند، مولانا ہدایت اللہ، سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ اور دیگر شریک تھے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان اور سابق صوبائی وزیر قاری روح اللہ مدنی نے قرآن گارڈن کا افتتاح کیا اور قرآن میں مذکور پودے زیتون، انار، انجیر، انگور، دیار، کھجور اور دیگر پودے لگائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے قرآن میں مذکور پودوں کی کاشت کے لیے مرکز اسلامی کے انتخاب پر پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجنز کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی درج حرارت میں اضافے جیسے مسائل کا شکار ہے۔ صنعتوں اور گاڑیوں کے دھوئیں نے بھی آلودگی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پودے اور درخت ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور آلودگی کم کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجنز کے منتظمین کو یہ قدم اٹھانے پر مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔