شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کیریئر میں 100 وکٹیں مکمل کر لیں


گال(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کیریئر میں 100 وکٹیں مکمل کر کے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاہین آفریدی نے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

شاہین نے اپنے دوسرے اوور میں اوپنر نشان مدوشکا کو آؤٹ کیا جس کا شاندار کیچ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کیا، شاہین کی اس وکٹ کے بعد ٹیسٹ کیریئر میں 100وکٹیں مکمل ہوگئیں۔شاہین آفریدی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے 19 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں،

شاہین آفریدی سے قبل وقار یونس اور وسیم اکرم 23 سال کی عمر میں 100 انٹرنیشنل ٹیسٹ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

فاسٹ بالر نے 26 ٹیسٹ میچز میں 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا ہے۔ واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے 3 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی بولر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا ہے۔