وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈارکی زیرصدارت پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ کے قیام کیلئے اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمد اسحاق ڈارکی زیرصدارت پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ کے قیام کیلئے اجلاس جمعہ کویہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، چئیرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اوروزارت خزانہ وایس ای سی پی کے سینیئرافسران نے شرکت کی۔

وزیرخزانہ نے مالی سال 2024 کی وفاقی بجٹ تقریرمیں پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ کے قیام کا اعلان کیاتھا جس کا بنیادی مقصد بین الاقوامی معیار اور پالیسیوں کے مطابق حکومت پاکستان کے اثاثوں کا بہتر انتظام وانصرام ہے۔پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2010 کے تحت اس طرح کافنڈ قائم کیا جاسکتا ہے۔اجلاس میں فنڈ کے قیام کیلئے تکنیکی اموراورمسودہ کو حتمی شکل دینے کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مسودہ ضروری قانونی عمل کیلئے وزارت قانون وانصاف کو ارسال کیا جائیگا۔