اسلام آباد(صباح نیوز):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے، مہمندڈیم سے قومی گرڈ میں 800میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کے پی سی ون اور پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان سمیت کئی اہم منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) کااجلاس وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت سیدنویدقمر، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی محصولات طارق محمودپاشا، سینیٹرنثاراحمدکھوڑو، خیبرپختو خوا حکومت کے مالیاتی مشیرحمایت اللہ خان، وفاقی سیکرٹریز، اورمتعلقہ وفاقی اورصوبائی محکموں کے سینئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اورسندھ میں وزریراعظم کے زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے منصوبہ کاجائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر377236.275ملین روپے کی لاگت آئیگی اوریہ تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا،منصوبہ کے فیز ون کے تحت مالی سال 2024 میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 90 ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے جبکہ صوبے اوراستفادہ کرنے والے کاشت کار بھی اس کے مساوی فنڈز فراہم کریں گے، منصوبہ کے تحت ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کردیا جائیگا، یہ منصوبہ وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق وفاقی واٹرمنیجمنٹ سیل اورصوبائی محکمہ ہائے زراعت کے تعاون سے آگے بڑھائیگی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کے رورل انویسٹمنٹ اینڈانڈسٹرئیل سپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی،منصوبہ کے تحت خیبرپختونخوا کے اضلاع ضم شدہ اضلاع میں سرمایہ کاری اورصنعتی شعبہ کوفروغ دیاجائیگا، منصوبہ پر110.700 ملین روپے کی لاگت آئیگی جس میں عالمی بینک کی جانب سے 300 ملین ڈالر اورکے پی حکومت کی جانب سے 29700 ملین روپے کے فنڈز کی فراہمی بھی شامل ہیں۔ یہ منصوبہ دومراحل میں مکمل ہوگا۔ اجلاس میں حکومت سندھ کے سندھ سولرانرجی پراجیکٹ کاجائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی،اس منصوبہ پر27418.13 ملین روپے کی لاگت آئیگی جس میں 24265.57 ملین روپے کی غیرملکی امدادبھی شامل ہیں۔ یہ پراجیکٹ عالمی بینک کے قرضہ سے آگے بڑھایا جائیگا، عالمی بینک کی جانب سے 100 ملین ڈالر اورحکومت سندھ کی جانب سے 5ملین ڈالرکے فنڈز فراہم ہوں گے۔یہ منصوبہ توانائی کی سلامتی اورموسمیاتی حوالہ سے پاکستان کے بین الاقوامی وعدوں کی تکمیل کا اہم زریعہ ہوگا۔ اجلاس میں وزارت توانائی کے مہمندڈیم سے قومی گرڈ میں 800میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کی پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی،
اس منصوبہ پر14319.18 ملین روپے کی لاگت آئیگی جس میں 6318.38 ملین روپے کی غیرملکی امدادشامل ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبہ کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔خیبرپختونخوا کے اضلاع نوشہرہ، پشاوراورمہمند میں یہ منصوبہ این ٹی ڈی سی آگے بڑھائیگی۔ ایکنک کے اجلاس میں وزارت مواصلات کے کالاشاہ کاکوایگزٹ سے کے ایل ایم ٹوملتان روڈ لاہوربائی پاس منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر34446.585 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔ لاہوراورشیخوپورہ کے اضلاع میں یہ منصوبہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی مکمل کرے گی۔یہ منصوبہ سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مکمل کیا جائیگا۔ اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات، صوبائی وزارت صحت، ڈبلیوایچ او اوریونیسیف کے تعاون سے پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبہ پر1784.90ملین روپے کی لاگت آئیگی، اس منصوبہ کامقصد ملک کوپولیو کی مرض سے پاک کرنا ہے۔۔