اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشترنے کہا ہے کہ احساس کی چھتری تلے گلگت بلتستان کے لئے بہت سے سماجی تحفظ کے پروگرام جاری ہیں،علاقے میں چھوٹے پیمانے کے کاروبار کے فروغ کے لئے احساس بلاسود قرض پروگرام بھی چل رہا ہے،
ڈاکٹر ثانیہ نشتر مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کررہی تھیں،جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ممبران گلگت بلتستان کی مشاورتی ورکشاپ ہوئی، دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد آغا خان رورل سپورٹ پروگرام، حکومت گلگت بلتستان اور یورپی یونین کے تعاون سے کیا گیا تھا،تقریب کا عنوان تخفیف غربت اور نوجوان نسل کے لئے روزگار کے مواقع تھا۔
ڈاکٹر ثانیہ نے احساس کے جاری متعدد پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ورکشاپ سے خطاب میں کہا کہ احساس کی چھتری تلے گلگت بلتستان کے لئے بہت سے سماجی تحفظ کے پروگرام جاری ہیں۔احساس کفالت اور احساس تعلیمی وظائف گلگت بلتستان کی تمام تحصیلوں میں جاری ہیں۔احساس نشوونما اور ون ونڈو احساس مراکز کو گلگت بلتستان کی تمام تحصیلوں تک پھیلایا جا رہا ہے۔فی الوقت دیامر، استور، کھرمنگ میں 8 احساس نشوونما مراکز فعال ہیں۔احساس راشن کے لئے بھی گلگت بلتستان کی تمام تحصیلوں میں گھرانوں، کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن جاری ہے۔
تخفیف غربت اور احساس پر بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری یونیورسٹیوں میں احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام بھی جاری ہے۔ علاقے میں چھوٹے پیمانے کے کاروبار کے فروغ کے لئے احساس بلاسود قرض پروگرام بھی چل رہا ہے۔