زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکنے اور تشدد، جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکنے اور تشدد کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، بنچ کے رکن جسٹس امجد رفیق نے تحریری فیصلہ پڑھ کر سنایا۔3 رکنی بنچ نے 5 مئی کو درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، بنچ کی جانب سے 28 صفحات پر مشتمل متفقہ فیصلہ جاری کیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت نے جے آئی ٹی قانون کے مطابق تشکیل دی، درخواست گزار انفرادی طور پر ٹرائل کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔

یاد رہے فواد چوہدری، حماد اظہر اور مسرت جمشید چیمہ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ زمان پارک کے واقعات پر پی ٹی آئی ورکروں کے خلاف دہشت گردی کے بے بنیاد مقدمے بنائے گئے۔وکیل پنجاب حکومت کا موقف تھا کہ چار سو سے زائد پی ٹی آئی ورکرز کے مسلح ہونے کی اطلاعات تھیں، مسلح افراد نے پولیس پرحملہ کر کے افسروں کو زخمی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔