وزیراعظم کی آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے

جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی،9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے،آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ۔وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں ،شہدا کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے ۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے ،قوم اس گھنائونی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی،مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، انشاء اللہ ۔وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔