اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہبازشریف نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت سے متعلق اعلی سطح کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ ہائی پروفائل کمیٹی پاکستان کے ورلڈ کپ میں شرکت بارے فیصلہ کرے گی۔کمیٹی انڈیا میں ورلڈ کپ سے متعلق تمام امورپر سفارشارت مرتب کرے گی جن کی روشنی میں ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حتمی سفارشات منظوری کے لیے وزراعظم کو بھجوائی جائیں گی۔
کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں رانا ثنا اللہ، اعظم نزیر تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ، طارق فاطمی شامل ہیں جبکہ قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان ،سیکرٹری خارجہ بھی ہائی پروفائل کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کر دی ہے جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے انڈیا میں شروع ہوگا جبکہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔