پشاور۔۔امیر جماعت اسلامی کی کال پر سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف صوبے بھر میں مظاہرے

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک کی طرح سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں قرآن کریم کو جلانے کے قبیح فعل کے خلاف خیبر پختونخوا کے پشاور، چارسدہ، مردان، دیر لوئر، کرک، بنوں، لکی مروت اور دوسرے اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوا۔ اس سلسلے میں مرکزی مظاہرے کا انقعاد ہشت نگری چوک پشاور میں ہوا جس کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور بحر اللہ خان ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل ہدایت اللہ خان کررہے تھے۔ مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر حرمت قرآن کے حوالے سے اور سویڈن کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری جنرل عبدالواسع نے کہا کہ سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں قرآن پاک کو جلانے کے عمل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو مضطرب کردیا ہے۔ اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی طاقت ہونے کے باوجود مظاہروں پر اتر ّآئے ہیں۔ حکومتوں کا کام تو مظاہرے کرنا نہیں اقدام اٹھانا ہوتا ہے۔ حکومت پاکستان اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرے اور سویڈن کو اس عمل پر بھرپور جواب دے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک دنیا میں امن، امامت، قیادت اور محبت کا پیغام لانے والی کتاب ہے۔ ہم قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں گے۔ بچوں کو قرآن پڑھائیں اور انہیں حفاظ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم سود سے پاک نظام کی بات کرتا ہے لیکن ہمارے حکمران قرآن کے اس حکم سے انحراف کے مرتکب ہورہے ہیں۔

قرآن عدل و انصاف کی بات کرتا ہے لیکن ہماری عدالتوں میں انگریز کی کتابوں پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ یہ قرآن کریم کی توہین ہے۔ انہوں نے پی ڈ?ی ایم حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سویڈن سے ہر قسم کے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کرے، پاکستان میں سویڈن کے سفارتخانے کو بند کرتے ہوئے ان کے سفیر کو سویڈن بھیجنے اور اپنے سفیر کو واپس بلانے کے لیے فی الافور اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی طرف سے اسلام آباد جانے اور سویڈش سفارتخانے کے گھیراؤ کا حکم آیا تو کسی ہچکچاہٹ کے بغیر لبیک کہیں گے۔