پی ٹی آئی مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے،شرجیل میمن


کراچی (صباح نیوز) صوبائی وزیرِ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے، مگر ادارے تیار نہیں، اسلام آباد پر قبضے کی دھمکی سے ثابت ہو گیا، پی ٹی آئی کے وزیرِ اعلیٰ کے عزائم دہشت گردانہ ہیں،اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں ۔ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک طرف اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور دوسری طرف منتیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیرِ اعلیٰ دہشت گردوں کی طرح اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہا ہے، اسلام آباد پر قبضے کی دھمکی سے ثابت ہو گیا، پی ٹی آئی کے وزیرِ اعلی کے عزائم دہشت گردانہ ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پہلے سوشل میڈیا پر اب دارالحکومت میں دہشت گردی کی باتیں کر رہے ہیں، داخلی گروہ بندی کا شکار پی ٹی آئی کے اندر ہر گروہ کا اپنا بیانیہ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے پی ٹی آئی کا ہر گروہ ڈیل کی درخواستیں دے رہا ہے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے اداروں کے خلاف مہم چلائی اب انہیں سیاست میں دھکیل کر متنازع بنانا چاہتی ہے، شہریار آفریدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے یہ کیسے عوام کو بیوقوف بنا کر اداروں سے لڑاتے ہیں۔