خیبرپختونخوا میں بارشیں 29 اپریل تک جاری رہیں گی،دریائے کابل میں سیلاب کا الرٹ جاری


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دریائے کابل اور اطراف میں سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا اور شہر میں ایک ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مالم جبہ میں 25 اور کالام میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ دیر میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے 27 سے 30 اپریل تک دریائے کابل اور اطراف میں سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کیا ہے جب کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 29 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔