جسٹس محمد ابراہیم خان قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس محمدابراہیم خان کی بطور قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے عارضی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 196کے تحت باقاعدہ چیف جسٹس کی تعیناتی تک کی گئی ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محترمہ مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر تعیناتی کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا عہدہ خالی ہوا ہے۔اس وقت جسٹس محمد ابراہیم خان پشاور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ جسٹس محمد ابراہیم خان کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظور ی چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن اوربعد ازاں پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے دی جائے گی۔ مستقل تعیناتی سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس محمد ابراہیم خان کو پشاور ہائی کورٹ کا قائمقام چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔

جسٹس محمد ابراہیم خان سوات کے ایک معزز گھرانے میں 15اپریل 1962کو پیدا ہوئے۔جسٹس محمد ابراہیم خان کو 11اگست2016کو پشاورہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقررکیا گیا۔ جبکہ یکم جون 2018کو جسٹس محمد ابراہیم خان کو پشاور ہائی کورٹ کا مستقل جج تعینات کیا گیا۔ جسٹس محمد ابراہیم خان اپریل2023میں پشاورہائی کورٹ کے سینئر ترین جج بنے۔ اگر جسٹس محمدابراہیم خان کو سپریم کورٹ کا جج نہ بنایا گیا تووہ بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ 14اپریل 2024کو اپنی62سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔