پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد صوبے کے سات اضلاع میں کل سے پانچ روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم شروع ہو گی۔ انسداد پولیو مہم پشاور، نوشہرہ، مہمند، ہنگو، خیبر، کوہاٹ اور چارسدہ میں شروع کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پشاور، ہنگو، جنوبی وزیرستان کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 22لاکھ 12ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکی ویکسین دی جائے گی۔
انسداد پولیو حکام کے مطابق افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مخصوص یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 7ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔انسداد پولیو مہم کے لئے آٹھ ہزار 441 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں سات ہزار721 موبائل،542 فکسڈ اور 478 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ٹیموں کی نگرانی کیلئے دو ہزار 83 ایریا انچارج اور سیکورٹی کیلئے 14ہزار926 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔