ڈی آئی خان،طوفان سے ایک بچی و خاتون سمیت4افراد جاں بحق،3 زخمی


ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں تیزآندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی ، ایک بچی و خاتون سمیت4افراد جاں بحق جبکہ 2خواتین سمیت3افراد زخمی ہوگئے، سینکڑوں سولر پلیٹیں اڑ کرٹوٹ گئیں ، گھروں کی چھتوں کی دیواریں ، درخت اور بجلی کے پول اکھڑ گئے، کئی گھنٹے بجلی غائب ہوگئی ،دریائے سندھ ڈوبنے والے 2پی ٹی سی ایل ملازمین کی نعشوں کی تلاش کیلئے ریسکیو1122کا آپریشن جاری ہے ، تحصیل پہاڑپور کے گائوں بلوٹ شریف کے نوشہرہ موڑ کے قریب واقع بھٹہ خشت کے ایندھن کو شدید آگ لگ گئی، ریسکیو1122کی 5فائر وہیکلز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی ، آندھی اور طوفان کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد کی نگرانی میں محکمہ مال ، محکمہ صحت اور ریسکیو1122نے ضلع بھر میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا، شدید آندھی اور طوفان سے تھانہ صدر کے قریب نیو ڈیفنس کالونی میں فرید اللہ نامی شخص کے دو منزلہ مکان کی دیوار گر گئی ،جس سے خدیجہ بی بی دختر سرمد ، شازیہ بی بی ذوجہ شاہزیب ، بلقیس بی بی ذوجہ غلام جان زخمی ہوگئے ، جن کو امدادی سرگرمیوں کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر خدیجہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی

اسی طرح صوابی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی سی ایل کے دوملازمین حبیب اور نصیر دریائے سندھ میں ڈوب گئے ، جن کی تلاشی کیلئے ریسکیو1122 ڈیرہ نے آپریشن شروع کردیا، تحصیل پہاڑ پور میں طوفان کے باعث سولر پلٹیوں کو شدید نقصان پہنچا ،گھروںکی اکثر دیواریںگر گئیں ،کئی درخت اکھڑ گئے جبکہ پہاڑ پور فیڈر ٹو کے بجلی کے 2مین پول گرنے پہاڑ پور شہر کی بجلی غائب ہو گئی ، جبکہ سولر پلیٹ لگنے سے عقیل آرائیں نامی شخص زخمی ہوگیا، کڑی خیسور کے علاقہ وانڈا علی میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی دیوار گر گئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا

تحصیل پہاڑ پور کے علاقہ بڈھان میں 4سالہ بچی سعدیہ بی بی دختر پرویز طوفان کے باعث گرنے والے درخت کی زد میں آکر جاںبحق ہوگئی اسی طرح تحصیل پہاڑپور کے گائوں بلوٹ کے نوشہرہ موڑ کے قریب واقع بھٹہ خشت کے ایندھن کو آگ لگ گئی۔اطلاع ملنے پر ریسکیو112 ڈیرہ اسٹیشن 44 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو1122ڈیرہ اسماعیل خان کی ایک اور اٹامک انرجی چشمہ اور ریسکیو 1122 میانوالی کی بھی دو فائیر وہیکلز فائیر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن شروع کر کے لگنے والی آگ پر قابو پا لیا ، آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت قریبی گھروں کو بھی خالی کرا لیا گیا تھا۔