بجٹ میں ایک دھوکہ ہے ملک میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری ختم کی جا ئے. شمس الرحمن سواتی

اسلام آباد (صباح نیوز)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے وفاقی بجٹ پر اپنا ردعمل میں کہا ہے کہ بجٹ میں ایک دھوکہ ہے تقریبا چھ ہزار ارب روپے آمدن اور 14 ہزار ارب روپے سے زیادہ کے اخراجات کیسے پورے کیے جائیں گے اتنے برے معاشی حالات میں بھی مراعات یافتہ طبقے کے لیے مزید مراعات اور غریب عوام ،مزدوروں اور کسانوں پر ٹیکس لگا دیے گئے ہیں،

انہوں نے کہا ملازمین کی تنخواہوں میں ہونے والے اضافے سے دیہاڑی دار مزدور اور نجی اداروں کے ملازمین کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا کم از کم اجرت میں اضافہ انتہائی کم ہے ، مہنگائی کے تناسب سے کم از کم اُجرت 50ہزار روپے بھی کم ہے جبکہ 30 ہزار روپے اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ابھی تک حکو مت کی طر ف سے اعلان کر دہ گزشتہ سال کے پچیس ہزار روپے پر بھی کہیں عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے ،  محض اعلانات کر نے سے غریب مزدور کا پیٹ نہیں بھرتا ،

انہوں نے کہا عالمی منڈی میں پٹرول خوردنی تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی ہوئی ہے لیکن ہمارے ہاں ملک میں مہنگائی میںروز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،لاکھوں روپے ے تنخواہ اور لاکھوں روپے ماہانہ مراعات  حاصل کرنے والوں کے لیے لاکھوں روپے کی مزید مراعات اور مزدور طبقے کو چار پانچ ہزار روپے پر ٹرخا دینا ظلم ہے، شمس الرحمن سواتی نے کہا ملک میں مو جو د سات کروڑ سے زائد مزدوروں کے لئے تعلیم ،علاج اور چھت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے ،

سات کروڑ مزدور سوشل سیکیورٹی اور سماجی تحفظ کے دیگر پرو گراموں EOBI،ورکر ویلفیئر فنڈ سے محروم ہیں ، حکومت مزدورں کی اس محرومی کا فوری طور پر ازالہ کر ے ، ملک میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری ختم کی جا ئے ، خریداروں (End User) پر جی ایس ٹی کو ختم کیا جا ئے ،انھوں نے کہا بجٹ کے تمام غیر ترقیاتی اخراجات ختم کر کے تعلیم سے محروم چار کروڑ بچوں کے لیے تعلیم کا انتظام کیا جائے اور علاج سے محروم کروڑوں لوگوں کو علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے ۔