پی ٹی آئی میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں،قاسم سوری


کوئٹہ(صباح نیوز)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری  نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف  میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں،نواز شریف وطن واپس آئیں گے تو جیل ہی جائیں گے ۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اہم وقت پر بڑی ذمہ داری دی ہے، اس سے قبل بھی دو مرتبہ صوبائی پارٹی صدر منتخب ہوا ہوں، گراس روٹ لیول پر پارٹی کو منظم کررہے ہیں، پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور تحریک انصاف میں میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں،چھوٹے چھوٹے اختلافات ہرجگہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے ہماری بڑی امیدیں وابستہ ہیں ، ہمیں لسانیت کے فرق کو ختم کرنا ہے،بلوچستان میں تحریک انصاف کی نئی تنظیم سازی کی جائے گی  ،اہم ذمہ داری وزیر اعظم عمران خان نے دی ، بلوچستان کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا اور مرکز میں اپنے صوبے کی آواز بنوں گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دس بڑے ڈیم منصوبے ملک میں شروع کئے ہیں، خیبرپختونخوا انتخابات میں جو کچھ ہوا ،رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی  ۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس آنا چاہئے، انہیں عدالتوں نے نااہل قرار دے رکھا ہے، اور وطن واپس آئیں وہ جیل ہی جائیں گے۔