اسلام امن اور ہم آہنگی کا مذہب ہے ،مسعود خان


واشنگٹن (صباح نیوز) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ  اسلام امن اور ہم آہنگی کا مذہب ہے ، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (اکنا)نے کئی دہائیوں پر محیط اپنی خدمات اور انسانی ہمدردی کے کاموں کے دوران روحانیت، علم کی جستجو اور اعلی اقدار کو برقرار رکھا ہے۔

یہ بات انہوں نے اکنا کے سالانہ کنونشن کے دوران سکالرز اور کمیونٹی لیڈرز لنچ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سال بالٹی مور میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے سالانہ کنونشن میں 25,000 سے زائد افراد نے شرکت کی جس میں 160 اجلاس منعقد کیے گئے جس سے 100 سے زائد مقررین نے خطاب کیا۔

کنونشن میں امریکہ اور دنیا کے مختلف حصوں سے مسلمان امریکیوں نے اپنے خاندانوں کے ساتھ شرکت کی۔ظہرانے میں پاکستان سے تشریف لانے والے  سینیٹر مشتاق احمد اور امریکہ میں ترکی کے سفیر حسن مرات مرکان نے بھی شرکت کی۔

سفیر مسعود خان نے کہا کہ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے گذشتہ کئی  برسوں میں انسانی ہمدردی پر مبنی اسلام کے اصولوں اور طریقوں کے بارے میں بیداری پیدا کی ہے۔ ان سرگرمیوں کی بدولت  اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے انفرادی ترقی اور کمیونٹی  کو جوڑنے کے حوالے سے کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ اور ہیلپنگ ہینڈ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سیلاب سے نمٹنے اور بحالی  کے عمل میں  پاکستان  کے سیلاب متاثرین  کے لیے امداد  اکٹھی کی۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کو ہمیشہ یاد رکھے گا کہ اس نے  سیلاب کے متاثرین کی امداد کے لیے 15 ملین ڈالراکٹھے کیے جبکہ اس کی قیادت نے عین تباہی کے دوران سیلابی علاقوں کا دورہ کیا۔

سفیر پاکستان  نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے اسی جذبے  کے تحت  اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے  ترکی اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے متاثرین کی امداد کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی مہم کو آگے بڑھایا۔

اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے صدر ڈاکٹر محسن انصاری کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے کہا کہ اس تنظیم نے ایک ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کے لیے مسلمانوں اور غیرمسلموں کے حقوق کے تحفظ کی وکالت کی ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں رہنے والے تمام مسلمانوں کو  یہاں  فراہم  کردہ موافق اور دوستانہ  ماحول کا شکر گزار ہونا چاہیے جو تمام مذاہب اور متنوع نسلی پس منظر کے لوگوں کو اپنے ساتھ ملاتا ہے۔سفیر پاکستان  مسعود خان  نے کہا امریکہ یہاں رہنے والے مسلمانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک  کیٹییلسٹ  رہا ہے۔

اپنے خطاب  میں صدر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ ڈاکٹر محسن انصاری نے تنظیم  کو حاصل ہونے والی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو تنظیم کی جانب سے فراہم کردہ  انسانی خدمات کے بارے میں بتایا جوبلا تفریق و امتیاز  فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے شرکا کو بتایا کہ 2022 میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ سے  10.5 ملین سے زیادہ افراد  نے استفادہ کیا ۔ تنظیم نے نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی اپنی خدمات فراہم کیں جو آفات سے متاثر ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم نے ترکی اور شام میں حالیہ زلزلے کے دوران ایک کروڑ افراد کو امداد فراہم کی۔

مزید بتایا گیا کہ ہیلپنگ ہینڈ 23000 یتیم بچوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔کنونشن کے دوران  ترک سفیر حسن مرات مرکان کو اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی جانب سے کمیونٹیز اور مخیر تنظیموں کو بالخصوص قدرتی آفات کے مشکل وقت میں ساتھ لانے  کے حوالے سے  انتھک  کاوشوں اور قائدانہ کردار پر ‘کمیونٹی سروس ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔

اپنے کلمات میں سفیر حسن مرکان نے ترکی میں زلزلے کے دوران خدمات  سرانجام دینے پر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکہ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں  نے زلزلہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔

کنونشن کے دوران سفیر مسعود خان نے اپنے ترک ہم منصب کو رجب طیب اردوان کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔