کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی رکنیت ایک اعزاز ہے رکنیت آسان نہیں ہے ایک مثالی فرد بننا اور صالح فرد بن کر اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام کوئی آسان کام نہیں ہے اس کے لیے تمام تر تعصبات رنگ نسل مسلک علاقہ سے بالا تر ہو کر ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر بس اللہ کی رضا کے لیے کام کرنا ہے اللہ کا دین اسلام غالب آئے گا تو دنیا میں سکون امن خوشحالی اور آخرت میں ہمیشہ والی جنت ملے گی اگر دین غالب نہ آیا تب بھی آخرت کی نجات اور جنت ملے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سانگھڑ کے تحت کھڈڑومیں ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب قیم عبد القدوس احمدانی، ضلعی امیر محمد رفیق منصوری،نائب امیر مشتاق احمد عادل ،جنرل سیکریٹری عبدالغفور انصاری نے بھی خطاب کیا۔
حافظ نصراللہ عزیز نے مزید کہا کہ آج انسانیت ظلم کی چکی میں پس رہی ہے ہر دور کے ظالم جابر اور سرمایہ دار نظام کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا اور عوام الناس کو ظلم سے نجات دلانا اسلام کا تقاضہ ہے آج عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں بنیادی ضروریات دستیاب نہیں ہیں مہنگائی کا طوفان امنڈ آیا ہے حکمرانوں کی غلط پالیسوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے بجلی گیس پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ایک سازش کے تحت اناڑی اور نا تجربہ کار حکمران مسلط کر د یئے گے ہیں ان سے نجات اور دیانتدار صالح قیادت ہی مستحکم اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ہم انتخابات میں ایسے نڈر اور بیباک صالح قیادت کا انتخاب کریں اور ان بدکردار بدعنوان حکمرانوں سے نجات پائیں ووٹ ہی تبدیلی کی کنجی ہے جس کا درست استعمال ہمارے تمام مسائل کا حل ہے نظام مصطفی ہی تمام مسائل کا حل ہے اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔