پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 5 رہنماؤں کی گرفتاری کا حکم نامہ معطل کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے سابق صوبائی وزیر انور زیب اور اجمل خان سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 5 افراد کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزاروں پر مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کا الزام تھا اور ڈی سی باجوڑ نے توڑ پھوڑ کے الزام میں 3 ایم پی او کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار پر امن شہری ہیں اور پی ٹی آئی سے تعلق کی بنیاد ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ، ابھی تک درخواست گزاروں کو ایف آئی آر بھی حوالے نہیں کی گئیں۔عدالت نے گرفتاری کا حکم معطل کرتے ہوئے سماعت 30مئی تک ملتوی کر دی۔