گورنر خیبر پختونخوا اور عملے کے خرچے میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ


پشاور(صباح نیوز) گورنر خیبر پختونخوا اور عملے کے خرچے میں 5 کروڑ روپے سے زائد کا اضافے کیا گیا ۔مالی سال 2021-22 کی دستاویزات کے مطابق پچھلے سال گورنر ہائوس خیبرپختونخوا کا بجٹ 25 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا تاہم گورنر کے پی نے گذشتہ سال 25 کروڑ 75 لاکھ روپے زائد خرچ کئے۔

دستاویزات کے مطابق گورنر کے پی نے اپنے صوابدیدی فنڈ سے بھی ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے، اس مالی سال کے لئے گورنر ہائوس کے خرچے کے لئے 30 کروڑ روپے سے زائد منظور کئے گئے جس میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔دستاویزات کے مطابق گورنر ہائوس کے (یوٹیلیٹی بلز)بجلی، گیس اور ٹیلی فون پر خرچہ تقریبا ً4 کروڑ سے بڑھ گیا ہے، اس سال گورنر ہائوس کے بجلی کے بل کی ادائیگی کے لئے 3 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ منظور کیا گیا، پچھلے سال بجلی کے بل میں 2 کروڑ 62 لاکھ روپے جمع کرائے گئے۔ اسی طرح گیس بل کے لئے پچھلے سال 60 لاکھ روپے رکھے گئے خرچ 87 لاکھ روپے ہوئے، اس سال گیس بل کی ادائیگی کے لئے 90 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، گذشتہ سال ٹیلی فون کے بلوں کی ادائیگی پر 27 لاکھ 75 ہزار روپے خرچ ہوئے تھے، اس سال مزید 28 لاکھ روپے ٹیلی فون بل کی مد میں بجٹ منظور ہوا ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے سفری اخراجات میں پیٹرول اور ہوائی سفر پر گذشتہ سال تقریباً 60 لاکھ روپے کا خرچہ آیا تھا جو بجٹ سے 15 لاکھ روپے زائد تھا، جبکہ اس سال بھی گورنر ہائوس کو تیل اور ہوائی جہاز کے لئے مزید 60 لاکھ روپے منظور کئے گئے ، گورنر کے عملے نے سفری اخراجات پر 90 لاکھ روپے خرچ کئے۔ اس کے علاوہ گورنر خیبرپختونخوا نے گذشتہ سال اپنی تفریح اور تحائف پر 1کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے، اور اس سال بھی ان کا اتنا ہی خرچ کرنے کا ارادہ ہے۔دستاویزات کے مطابق اس سال گورنر ہائوس کے ملازمین کے الائونسز کے لئے اعداد وشمار کے بغیر4کروڑ روپے کی رقم گورنر ہائوس کے بجٹ میں مختص کی گئی، ملازمین کو پہلے سے ملنے والے دو درجن الائونسز اس کے علاوہ ہیں جبکہ گذشتہ برس گورنر ہائوس کے ملازمین کے یونیفارم پر تقریباً 10 لاکھ روپے سالانہ خرچہ آیا، اور اس سال بھی ملازمین کے  یونیفارم پر مزید 11 لاکھ خرچ ہوں گے، گذشتہ سال ملازمین کی گاڑیوں کی مرمت پر 30 لاکھ روپے سے زائد خرچہ ہوا۔

دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا کہ خیبرپختونخواکے گورنر ہائوس کے ملازمین کی تعداد 265 سے زائد ہے، جن میں سے صرف 22 کے قریب نئے مالی بھرتی کئے گئے، پہلے گورنر ہائوس میں 8 مالی کام کرتے تھے اور اب ان کی تعداد 30 ہو گئی، گورنر خیبرپختونخوا کے ذاتی عملے میں ایک آیا بھی شامل ہے جبکہ امام مسجد، موذن، ایک ہیڈ خدمتگار، 2 خدمت گار، 13 ڈرائیورز، 17 نائب قاصد، ایک اسٹیورڈ، 14 بیئرر، 4 دھوبی، ایک براس مین، واشر مین، 2 تندورچی، 3 مالشی شامل ہیں۔ گورنر ہائوس کے لئے تقریباً 69 لاکھ روپے کے نئے پودے خریدے گئے۔