پشاور(صباح نیوز) پشاور میں لوگوں کو جلاؤ گھیرا ؤپر اکسانے والے پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری سے بچانے پر ایس ایچ اوتھانہ گلبرگ فواد علی کو گرفتار کر لیا گیا۔
9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاج اور مظاہروں میں سرکاری اور غیر سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا، فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو بھی جلا کر خاکستر کردیا گیا۔
پشاور میں ایک ایس ایچ او کو گرفتار کیا گیا ہے کہ جو کارکنان کو لوٹ مار، جلاؤ گھیراؤکے لئے ورکرز کو اکسانے والے پی ٹی آئی رہنما کی پشت پناہی کرتا رہا اور اسے گرفتاری سے بچانے کی ہرممکن کوشش کی۔پشاور کے تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او فواد علی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ او گلبرگ تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ملک واجد کے ساتھ رابطے میں ملوث پایا گیا۔
ملک واجد کا کارکنان کو لوٹ مار اور جلا ؤگھیرا ؤکے لیے اکسانے میں اہم کردار تھا، ایس ایچ او ورکرز کو اکسانے والے سابق ایم پی اے کو گرفتاری سے بچانے کے لیے فونز بند کرنے کا کہتے رہے۔مقدمے کے مطابق ایس ایچ او فواد علی سابق ایم پی اے ملک واجد کو دیگر معلومات دینے میں بھی ملوث پائے گئے، ایس ایچ او کے خلاف سب انسپکٹر حسن علی کی مدعیت میں تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کیا گیا۔