علمائے کرام ملک میں نفاذ شریعت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں، سراج الحق


 راولپنڈی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ علمائے کرام ملک میں نفاذ شریعت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں، پاکستان کو موجودہ مسائل سے نکالنے کا یہی واحد ذریعہ ہے۔ ملک پر مسلط حکمران مغربی طاقتوں کی ایما پر سیکولرازم کا ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہیں۔ قوم ملک کے اسلامی تشخص کے خلاف ہونے والی سازشوں کا علما ء کی رہنمائی میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

حکمران اشرافیہ 73برسوں سے ملک پر مسلط ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز کی زینت بنے۔ اللہ کا شکر ہے کہ آج تک جماعت اسلامی سے وابستہ کسی فرد کا نام کرپشن سکینڈل میں نہیں آیا۔

جماعت اسلامی اسلامیان پاکستان کو متحد کر کے ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ پورے ملک کے علما و مشائخ کو اکٹھا کر کے اس منزل کے حصول کو ممکن بنائیں گے۔ پاکستان کا مستقبل قرآن و سنت سے وابستہ ہے۔ یہ منزل اسی وقت حاصل ہو سکتی ہے جب ہم سب متحد ہو کر پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے سیکولر طاقتوں کا راستہ روکیں گے۔جماعت اسلامی عقیدہ تحفظ ختم نبوت کی پشتیبان ہے۔

قادیانیت اور اسلام بیزار قوتیں صرف مذہبی طاقتوں سے خوف زدہ ہیں۔ ہمیں اتحاد کو برقرار رکھنا ہے اور پوری جرأت کے ساتھ اسلامی و خوشحال پاکستان کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے راولپنڈی میں تحفظ ختم نبوت و اتحاد امت مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علما و مشائخ رابطہ کونسل پاکستان نے کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس میں چیئرمین علما و مشائخ رابطہ کونسل خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، صدر کونسل میاں مقصود احمد اور امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بحرانوں کو کم کرنے کی بجائے بڑھاوا دیا۔ حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک دوراہے پر کھڑا ہے اور روز بروز مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔غیر سنجیدہ حکمرانوں اور حل ڈھونڈنے کے ذمہ داروں کو ان مسائل کا ادراک تک نہیں۔ جس طرح سے ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے اور ڈالر کی پرواز جاری ہے ایسے لگتا ہے ڈالر چند دنوں میں دو سو روپے تک پہنچ جائے گا۔ اس حکومت کے دور میں چار وزرائے خزانہ بدلے گئے، لیکن معیشت کی تباہی نہ رکی۔ عام آدمی کی حالت قابل رحم ہے، کوئی غریب کی بات سننے کو تیار نہیں۔ حکومت بے حسی اور ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے غریب اور متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہواہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کو عام آدمی کے مسائل کا ادراک تک نہیں۔ ایوانوں میں بیٹھے جاگیردار اور وڈیرے عوام کو کیڑے مکوڑے اور خود کو کسی دوسرے سیارے کی مخلوق سمجھتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور ان جیسے مسائل سے حکمرانوں کوکبھی پالا نہیں پڑا۔ ملک کی چند فیصداشرافیہ نے کبھی بھوک اور پیاس دیکھی ہے نہ انہیں موسم کی شدت کا احساس ہواہے۔ علاج اور تعلیم کی سہولتوں سے محرومی اور انصاف کی عدم فراہمی جیسے مسائل عوام کے ہیں حکمرانوں کے نہیں۔ حکمران صرف اپنی ذات کے عشق میں مبتلا ہیں انھیں اس چیز سے کوئی غرض نہیں کہ غریب کا چولھا نہیں جلتا، لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں، لاکھوں نوجوان ڈگریاںاٹھائے بے روزگار ہیں اور عام آدمی کی قوت خرید ختم ہو گئی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل کرپٹ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ہے۔ ملک کو اس لیے حاصل کیا گیا کہ یہاں اسلام کا نظام نافذ ہو ، مگر 73برسوں سے یہ منزل حاصل نہیں ہوسکی۔ ملک کو ایک لمبے عرصے تک فرقہ واریت اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا رہا۔ الیکشن میں فراڈ ، دھونس اور دھاندلی کے ذریعے ایک خاص طبقہ وسائل پر قابض ہے جب کہ غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی احیائے دین اور امت کو متحد کرنے کے لیے ملک کے کونے کونے میں مصروفِ عمل ہے، علما و مشائخ ہمارا ساتھ دیں۔ ان شاء اللہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔مزید برآں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قائداعظم یونیورسٹی میں ایک لسانی کونسل کی جانب سے پانچ سٹوڈنٹس کے اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پولیس نے تاحال کیمپس میں غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا اور انتظامیہ اور پولیس طلبہ کو بازیاب نہیں کرا سکیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی واقعہ کے خلاف احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے امیر جماعت نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اغوا کیے جانے والے طلبہ کو بازیاب کرائیں اوریونیورسٹیز میں تشدد اور غنڈہ گردی کرنے والے عناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے۔