حیدرآباد (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد کے تحت سول لائن چرچ میں کرسمس کے حوالے سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں 100 مستحق اور نادار مسیحی خاندانوں میں راشن پیکٹ تقسیم کیے گئے۔
ا س موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ حافظ طاہر مجید، ضلعی امیر عقیل احمد خان، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حیدرآباد پیر غلام محی الدین شاہ جیلانی، سول لائن چرچ کے پادری نصیر جان، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن، جنرل سیکریٹری نعیم عباسی، محمد علی چوہان اور سلیم خان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کے موقع پر یاد رکھتی ہے غریب اور مستحق افراد کو ضروریات زندگی فراہم کرنے کو ہم اپنا اہم فریضہ سمجھتے ہیں،انسانیت کی خدمت ہی الخدمت فاؤنڈیشن کا نصب العین ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال ملک بھر میں عیسائی برادری کے لیے کرسمس جیسے خوشی کے موقع پر تقاریب کا انعقاد کرتی ہے، جس میں مستحق اور نادار عیسائی خاندانوں میں راشن اور کرسمس کے تحفے تقسیم کیے جاتے ہیں۔
محمدحسین محنتی نے کہا کہ سیالکوٹ کا واقع قابل مذمت ہے، جماعت اسلامی مسیحی برادری کو پا کستان کی آباد ی کا اہم جزو سمجھتے ہو ئے انھیں تمام آئینی اور قانونی حقوق اور مکمل تحفظ فراہم کر نے کے عزم کا اظہار کر تی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حیدرآباد پیر غلام محی الدین شاہ جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے لیے الخدمت کا اقدام قابل ستائش ہے،اس سے محبت اور بھائی چارے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔پادری نصیر جان نے کہا کہ عیسائی برادری کے لیے کرسمس جیسے خوشی کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال ایسی تقاریب کا انعقاد کرتی ہے اور عیسائی برادری کی خوشیاں دوبالا کرتی ہے جس کے لیے ہم الخدمت فاؤنڈیشن کے مشکور ہیں۔اس موقع پر عیسائی خاندانوں نے بھی الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔